About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

The 10th Global Waqf Conference has started at the Islamia University of Bahawalpur

پی آر نمبر 478/22
 مورخہ 02.12.2022
ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور
شعبہ اسلامک اینڈ کنونشل بینکنگ، انسٹیٹیوٹ آف بزس منیجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز کے زیرِاہتمام اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں دسویں گلوبل وقف کانفرنس کا آغاز ہو گیا۔ انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب، وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کانفرنس کا افتتاح کیا۔ کانفرنس میں پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، ساؤتھ افریقہ، ملائشیا، نائجیراور یو کے سے آئے ہوئے 19مندوبین شریک ہیں۔ وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں وقف کی دورِحاضر میں قومی اور عالمی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے حالی برسوں میں بین الاقوامی جامعات اور اداروں سے روابط کو فروغ دیا ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے حالیہ عالمی درجہ بندی میں دنیا کی پہلی 800 جامعات میں شامل ہو چکی ہے۔ دسویں عالمی وقف کانفرنس کا بہاول پور میں انعقاد انتہائی خوش آئند عمل ہے جہاں پر ملکی اور غیر ملکی مندوبین اسلامک فنانس گورننس ٹیکنالوجی اور دیگر سماجی اور معاشی شعبہ میں ہونے والی جدید ترین پیش رفت سے ہمارے اساتذہ اور طلباء کو آگاہ کریں گے۔ وقف کا اصل مقصد مسلم امہ کی بھلائی اور ترقی ہے۔ خطہ بہاول پورماضی میں ریاست بہاول پور کے حوالے سے مسلم اسلاف کی عظیم میراث کی حامل ہے اور آج برادر اسلامی ملکوں سے آئے ہوئے اساتذہ اور ماہرین نے اسلامی بھائی چارے اور ترقی کے نئے دروازے کھولے ہیں۔ مندوبین نئے اسلامی مالیاتی اور فنانس ماڈل پر گفتگو کریں گے اور ایک دوسرے کے ہاں اس حوالے سے ہونے والی تحقیق اور منصوبوں کا تبادلہ کریں گے جس سے بہترین نتائج حاصل ہوں گے۔ پروفیسرڈاکٹر جواد اقبال، ڈین فیکلٹی آف منیجمنٹ سائنسز نے کانفرنس میں موجود ملکی اور غیر ملکی مندوبین کی آمد کو سراہااور خصوصی سرپرستی پر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر کانفرنس کی فوکل پرسن ڈاکٹر اریبہ خان، ان کے ساتھ منسلک اساتذہ اور منتظمین کی کاوشوں کے بے حد سراہا گیا۔ پہلے سیشن میں داتوک ڈاکٹر محمدغزالی، محمد نور، ملائشیا نے گلوبل وقف کانفرنس کی تاریخ اور دوسری دہائی کے وژن سے متعلق آگاہ کیا۔ میڈم بانہ خدیجہ دیالو، نائجرنے جمہوریہ نائجر میں وقف کے ادارے کی سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا۔ برطانوی سکالر پروفیسرڈاکٹر ہمایوں ڈار نے اسلامک بینکاری اور فنانس میں وقف کی جانب سے جدت اور ترقی سے متعلق آگاہ کیا۔ پاکستانی سکالر مفتی نوید عالم نے دیرپا معاشی ترقی کے موضوع پر خطاب کیا۔ انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی ملائشیا کی پروفیسرتوپوان نورآسیہ محمد نے وقف کے انتظامی امور سے متعلق گفتگو کی۔ یونیورسٹی آف نیو آرلینز امریکہ کے پروفیسرڈاکٹرکبیرحسن نے انسانی ترقی میں وقف کے ادارے کے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔ کانفرنس کے کلیدی مقررین میں لوال مائدوکی، نائجیریا، ڈاکٹر حوریہ ایل، انڈونیشیا، پروفیسر امیر بار جوئیائی، ملائشیا، احمد علی، آئی بی اے کراچی، ارم صباء، آئی بی اے کراچی اور ڈاکٹر الطاف حسین، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان شامل ہیں۔ افتتاحی سیشن کے اختتام پر مختلف عالمی جامعات اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے مابین تدریسی و تحقیقی اشتراک اور باہمی تعاون کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔


waqf 2

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.