About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

International Seerat-ul-Nabi ﷺ Seminar organized by Seerat Chair, the Islamia University of Bahawalpur

پی آر او نمبر287/23
مورخہ 17.07.2023
ڈائریکٹورٹ آف پبلک ریلیشنز، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور
سیرت چیئر، اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاول پور کے زیر اہتمام بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ سیمینار ”احترام مقدسات: دور حاضر کے تقاضے، عالمی برادری اور اُمت مسلمہ کی اجتماعی وانفرادی ذمہ داریاں“ کے عنوان پر منعقد ہوا۔ اس موقع پر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب (تمغہ امتیاز)، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاول پور نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ اسلام امن، آشتی اور محبت کا مذہب ہے۔ اسلام کی تعلیمات تو یہ ہیں کہ وہ معبود انِ باطل کو بھی برا بھلا نہ کہا جائے کہ وہ بدلے میں حقیقی رب کو برا بھلا کہیں۔ مسلمانوں کی سنہری تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ کبھی بھی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا کہ کسی مسلمان نے کوئی ایسا عمل کیا کہ جس سے کسی مذہب کے ماننے والوں کی مقدسات کی توہین ہوئی ہے۔ اسلام کی تعلیمات تو یہ ہیں کہ ہم جب تک دیگر انبیا اور اُن پر نازل ہونے والی کتب پر ایمان نہیں لاتے ہمارا ایمان مکمل نہیں ہوتا۔ یہی وجہ ہے کہ مسلمان دیگر مذاہب کی مقدسات کا احترام کرتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر حافظ شفیق الرحمن، ڈائریکٹر سیرت چیئر نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیرت چیئر، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی امتیازی شان کی حامل ہے جو وقتاً فوقتاً مختلف اہم عصری موضوعات پر سیرت النبی ﷺ سے راہنمائی کے حصول کے لیے اہل علم کو مدعو کرتی رہتی ہے۔ اسلام کی حقانیت دن بدن دنیائے انسانیت کے سامنے عیاں ہوتی جارہی ہے۔ عالم کفر ہمیشہ سے دلیل کی دنیا میں میں شکست سے دوچار ہونے کے بعد اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کرتا ہے۔ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا حالیہ واقعہ اسی سلسلہ کا کڑی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم امہ کی طرف سے غیر مسلم اقوام کو کارگر تنبیہ کی جائے کہ وہ مستقبل میں اس قسم کے حساس اقدامات سے باز رہیں۔پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن، ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک اسٹڈیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ حالیہ دنوں میں سویڈن میں ہونے والے قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعے سے مسلمانوں کے دل رنجیدہ ہیں۔ مغرب اسلام کی ترقی سے خوفزدہ ہے اور اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں سے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی قبیح حرکت کرتا رہتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنا تعلق قرآن سے جوڑیں اور قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔پروفیسر ڈاکٹر سلیم طارق خان، سابق وائس چانسلر، دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاول پور نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام ہر ایسی آزادی اظہار رائے کا مخالف ہے، جس سے کسی دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کی دل آزاری ہوتی ہو۔ ملک اللہ بخش کلیار، ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر مذہب کے مقدسات ہوتے ہیں، جیسے یہودیت میں حضرت موسیٰ علیہ السلام اور تورات مقدس ہیں۔ عیسائیت میں حضرت عیسی علیہ السلام اور انجیل مقدس ہیں۔ ہندو مت میں گاؤ اور ویدیں مقدسات ہیں۔ ہر مذہب کی کچھ نہ کچھ مقدسات ہیں۔ دنیا میں میں امن تبھی ممکن ہے جب سب مذہب کے ماننے والے دیگر مذاہب کی مقدسات کا احترام کریں۔ مقدسات کا احترام عالمی امن کی ضمانت ہے۔ معروف مذہبی اسکالر پروفیسر حافظ محمد یوسف خان نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ مغرب میں قرآنی احکام وتعلیمات کو سیاق وسباق سے ہٹ کر توڑ مروڑ کر پیش کررہا ہے، وہ اسلام کو ایک دہشت گرد مذہب کے طور پر پیش کررہا ہے۔ مسلم اسکالرز کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مغربی اقوام کے سامنے اسلام کی حقیقی تصویر پیش کریں، جو امن وسلامتی، بقائے باہمی، رواداری اور محبت کی تصویر ہے۔ ایک عرصہ سے بین الاقوامی سطح پر اسلام کے مقدسات کی توہین کے واقعات میں غیر معمولی اور غیر متوقع اضافہ نظر آرہا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ مغرب اسلام کی ترقی سے خائف ہے، اس لیے منظم سازش کے تحت اس قسم کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔ اسلام دوسروں کی مقدسات اور جذبات کے احترام کے اصول پر زور دیتا ہے۔ امریکہ سے آئے ہوئے مترجم قرآن اور ماہر معاشیات ڈاکٹر بدر ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امت مسلمہ زبوں حالی کا شکار ہے اور آئے روز مغربی دنیا آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات سے کھیلتی رہتی ہے۔ اس کی واحد وجہ مسلمانوں کی ڈوبتی معیشت اور ہمارا ان کے سامنے قرض کے لیے ہمیشہ ہاتھ پھیلانا ہے۔ ہمیں اپنی معیشتوں کو مضبوط کرنا ہوگا تاکہ ہم اقوام عالم میں عزت کے ساتھ سر اٹھا کرجی سکیں۔ جب ہماری معیشت مضبوط ہوگی تو پھر کسی کو جرأت نہیں ہوگی کہ وہ اسلامی شخصیات اور مقدسات کی کوئی توہین کرسکے۔ سیمینار میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد سعید شیخ، اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ قرآنک اسٹڈیز نے ادا کیے اور سیمینار کے اختتام پرمہمان اسکالرز میں یاد گاری شیلڈ پیش کی گئیں۔ سیمینار میں بہاول پور شہر کی سول سوسائٹی کے علاوہ مختلف مکاتب فکر اور دینی مدارس کی مقتدر شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

seerat nabi ahtram muqdas

 

seerat nabi ahtram muqdas 2

 

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.