About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

Khwaja Ghulam Fareed Seminar

پی آر او نمبر252/20، مورخہ 07-10-2020
پبلک ریلیشنز آفس، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام سلطان العاشقین قبلۃ العارفین عظیم صوفی شاعر حضرت خواجہ غلام فرید ؒ کے دینی،ر وحانی اور امن ومحبت کے پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے کے لیے ایک عظیم الشان سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، سجادہ نشین دربار حضرت خواجہ غلام فرید ؒ نے کی۔ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر یوسف خشک، چیئر مین نیشنل اکیڈمی آف لیٹرز تھے۔ سیمینار میں ڈاکٹر شہزاد قیصر ستارہ امتیاز ریٹارئرڈ فیڈرل سیکریٹری، ڈاکٹر انوار احمد سابق ڈین فیکلٹی آف لینگویجز، بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، نعیم مسعود سینئر کالمنسٹ، پروفیسر ڈاکٹر جاوید حسان چانڈیو، ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لینگویجز وڈائریکٹر خواجہ فرید چیئر، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور،خواجہ روال معین کوریجہ ولی عہد دربار حضرت خواجہ غلام فرید ؒ، نامور سکالر سید بلال قطب، نامور ادیب وسابق پارلیمنٹرین سید تابش الوری، مجاہد جتوئی ادیب وسکالر، ڈاکٹر نصر اللہ خان ناصر، ڈاکٹر شاہد حسن رضوی، ریاض الحق بھٹی ڈائریکٹر انفارمیشن بہاول پور، ظہور احمد دھریجہ اور ملک خدا یار چنڑ نے خطاب کیا۔ تقریب کے میزبان انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا کہ حضرت خواجہ غلام فرید ؒ کا پیغام رہتی دنیا تک راہ بھٹکے لوگوں کے لیے ہدایت کا سرچشمہ اور نشان منزل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس عظیم روحانی پیشوا نے مذہب، تہذیب اور ثقافت کی پیشوانی کا فریضہ بخوبی سرانجام دیتے ہوئے لوگوں کو اپنی دھرتی اور قومیت سے محبت کا درس دیا۔ اُن کے کلام میں اس قدر تاثیر تھی کہ یہ وسیب کی سرحدیں پار کر کے دنیا کے کونے کونے میں خوشبو بن کر پھیل گیا۔ اُن کی ڈیڑھ سو برس پہلے کی شاعری آج بھی دلوں پر راج کررہی ہے اور اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ اس پیغام کی افادیت موثر ابلاغ کے ذریعے دنیا بھر میں پھیلائی جائے۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ خواجہ غلام فرید چیئر کو فعال کیا جائے گا اور فکر فرید پر قومی اور بین الاقوامی کانفرنسز منعقد کی جائیں گی اور تحقیق کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے 22برس بعد اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں سیمینار کے انعقاد کو انتہائی خوش آئند قرار دیا اور وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور وفیکلٹی کو مبارکباد دی۔ پروفیسر ڈاکٹر یوسف خشک چیئر مین نیشنل اکیڈمی آف لیٹرز نے خواجہ غلام فریدؒ کے آفاقی پیغام کو عالمی سطح پر پھیلانے اور کثیر الجہتی تحقیقی سرگرمیوں پر زور دیا۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید حسان چانڈیو ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لینگویجز وڈائریکٹر خواجہ فرید چیئر نے کہا کہ خواجہ فرید چیئر کے تحت ادبی اور تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا اور تصانیف شائع کی جائیں گی۔ تقریب میں ملک بھر سے سکالرز، ادیب، محققین، میڈیا اور سول سائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ 

Khawaja Ghulam Farid Seminar

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.