About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

Bahawalpur Literary Festival 1st Day

پی آر او نمبر72/20، مورخہ 11-03-2020
پبلک ریلیشنز آفس، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور
بہاول پور (پ ر) اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں دو روزہ بہاول پور لٹریری اینڈ کلچرل فیسٹول کا آغاز ہو گیا۔ تقریبات کا آغازمقابلہ حسن قرأت و نعت سے ہوا جس کی صدارت مصر سے آئے ہوئے مہمان قاری محمد علی عبدالمعاتی جامعہ الازہر قاہرہ نے کیا۔ انہوں نے پُر سو ز آواز میں تلاوت کلام پاک پیش کر کے سما ں باندھ دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا کہ جامعہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ علمی وادبی سرگرمی کا بہت بڑے پیمانے پر انعقاد کیا گیا ہے۔ ملک بھر سے مفکر، دانشور، شاعر،ادیب او راینکرز اس فیسٹیول میں شریک ہیں اس کے علاوہ صوفی کلام کی محفلیں اور تھیٹر و تقریری مباحثوں اور ڈیجیٹل مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ان تقریبات کے سربراہ سید تابش الوری، صدر بہاول پور چیمبر آف کامرس جاوید اقبال چوہدری، ضلعی انتظامیہ، نظامت تعلقات عامہ، آرٹس کونسل،پریس کلب بہاول پور، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی، ریڈیو پاکستان، ڈی ایچ اے اور دیگر اِداروں کے تعاون کو سراہا۔ ممتاز پارلیمنٹیرین سید تابش الوری نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان اسلامی تہذیب وثقافت کے احیاء اور نفاذ کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ سابق ریاست بہاول پور عظیم اسلامی روایات کی امین اور پاسدار تھی۔ آج اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اس عظیم علمی اور تہذیبی ورثے کو فروغ دے کر نوجوان نسل کو منتقل کر رہی ہے جو بلا شبہ بہت بڑی قومی خدمت ہے۔ نامور صحافی اور دانشور وجاہت مسعود نے کہا کہ شہر اور جامعات تہذیب وتمدن کا مرکز ہوتے ہیں۔ شہر تہذیب کو جب کہ جامعات تمدن کو فروغ دیتی ہیں۔ بہاول پور اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اس کی بہترین مثال ہیں اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ایک پبلک سیکٹر یونیورسٹی ہونے کے ناطے اس طرح کی مثالی تقریب منعقد کر کے منفرد مقام حاصل کر چکی ہے۔ڈاکٹر شاہد رضوی نے بہاول پور شہر کی تاریخ، تعلیمی اِداروں اور ریاست بہاول پور سے متعلق خصوصی مقالہ پیش کیا۔ پہلے روز سوشل میڈیا، موبائل ایپ کے مقابلے منعقد ہوئے۔ جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں سے سے آئے ہوئے فنکاروں نے علاقائی موسیقی پر مبنی دھنیں پیش کیں۔ انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے مقامی دستکاروں کی نمائش کابھی افتتاح کیا جہاں پر مقامی مصنوعات کے بیس سٹال لگائے گئے ہیں۔ کتابوں کی نمائش کا افتتاح سید تابش الوری نے کیا۔ ہاکڑہ آرٹ گیلری میں اساتذہ اور طلباء کے بنائے ہوئے فن پارے نمائش کے لیے پیش کیے گئے۔ بغداد الجدید کیمپس میں کلین اور گرین پاکستان مہم کے تحت شجر کاری مہم کا بھی آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت دس ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ مرکزی آڈیٹوریم کے باہر پھولوں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ اس موقع پر فوڈ فیسٹیول بھی منعقد کیاگیا ہے جہاں پر مقامی کھانوں کے علاوہ مختلف فوڈ چینز نے سٹال لگائے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں ملک حبیب اللہ بھٹہ، ڈائریکٹر نیوز ریڈیو پاکستان عبدالحادی مایار، شیرین گل، جہاں آرا عباسی، نصیر احمد ناصر اور دیگر معززین شریک ہوئے۔ کل میڈیا کنکلیو میں نامور ملکی صحافی مسئلہ کشمیر اور سوشل میڈیا کے عنوان پر مباحثے میں شریک ہوں گے جبکہ شام کو کل پاکستان محفل مشاعرہ منعقد ہو گی۔


BLCF 2

BLCF 1

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.