About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

Academic seminar on the role of languages in understanding religions organized by Faculty of Islamic and Arabic Studies

پی آر او نمبر 345 /23
مورخہ 01.09.2023
ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور
اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے شعبہ ادیان عالم و بین المذاہب ہم آہنگی میں ایک سیمنار کا انعقاد کیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن، ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک اسٹڈیز کی ہدایات پر ڈاکٹر سجیلہ کوثر، صدر شعبہ ادیان عالم و بین المذاہب ہم آہنگی اور ان کی ٹیم نے مذاہب کی تفہیم میں زبانوں کے کردار پر ایک علمی سیمینار کا اہتمام کیا جس میں طلبہ، اساتذہ و محققین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سجیلہ کوثر نے حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے زبان کی انسانی زندگی میں ضرورت پر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی زبان سیکھنا ایک نئی تہذیب سے روشناس ہونے کے مترادف ہے۔ زبان انسان کو نئے جہانوں سے متعارف کرواتی ہے اور اسے اللہ کی وسیع قدرت کے مشاہدے کا نزدیک سے موقع ملتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر راحیلہ خالد قریشی صدر شعبہ عربی نے مذہب کی تفہیم میں عربی زبان کی اہمیت پر سیر حاصل بحث کی اور اپنے وسیع تجربات کی روشنی میں طلبہ کو نئی نئی زبانیں سیکھنے کی طرف رغبت دلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ آپؐ نہ صرف عربی کے مروجہ لہجوں بلکہ اس وقت کی عالمی زبانوں کے بھی ماہر تھے۔ آپؐ کی سنت کی پیروی ہے کہ دین اسلام کی اشاعت و تبلیغ کے لیے نئی زبانیں سکھیں۔ انہوں نے اسلامیات کے طلبہ کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ لازما عربی زبان سیکھیں۔ پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن کا کہنا تھا کہ اسلام ہر زبان سیکھنے کی اجازت دیتا ہے تاہم یہ مدنظر رہے کہ زبان اپنے ساتھ ثقافتی یلغار بھی لاتی ہے۔ لہذا ہمیں اس بارے میں آگاہ رہنا ہے کہ کسی صورت بھی ہم دین اسلام کے بتائے ہوئے راستوں سے انحراف نہ کریں۔ پروفیسر ڈاکٹر روزینہ انجم نقوی صدر شعبہ فارسی صاحبہ نے فارسی زبان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اڑھائی ہزار سال پرانی زبان ہے جس نے بعض روایات کے مطابق سنسکرت جیسی قدیم زبان کو بھی جنم دیا۔ تصوف، اسلام، زرتشت مت اور یہودی تاریخ کو سمجھنے کے لیے فارسی ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ برصغیر کی اخلاقی تعلیمات کا سرچشمہ فارسی ادب میں پوشیدہ ہے لہذا طلبہ کو زبان فارسی سیکھنے کی طرف لازمی نکلنا چاہیے۔ ڈاکٹرآصف عثمان، ڈاکٹر محمد خبیب، اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ ادیان عالم و بین المذاہب ہم آہنگی نے مہمان مقررین کا شکریہ ادا کیا اور ڈاکٹر زوہیب احمد، اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ ادیان عالم اور سدرہ شعیب، لیکچرار شعبہ ادیان عالم کو انتظامی امور احسن طریقے سے سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ اس موقع پر ان طلبہ میں سرٹفیکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ پروگرام کے اختتام پر مہمان مقررین کو یادگاری شیلڈز دی گئیں۔


      WhatsApp Image 2023-09-01 at 4.29.10 PM

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.